معروف عالم دین مرحوم وحیدالدین خان کو پدم وبھوشن سے اعزازنوازاگیا

نئی دہلی ،9نومبر(یواین آئی)معروف اسلامی اسکالرمرحوم وحیدالدین خان کوآج صدر جمہوریہ ہندرام ناتھ کووندنے ملک کے دوسرے اعلی شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا۔مرحوم وحیدالدین خان کو پدم وبھوشن اعزازکے لیے جنوری 2021میں منتخب کیاگیاتھااور اس وقت وہ باحیات تھے لیکن اس ایوارڈکی تقریب سے قبل ہی 21،اپریل 2021کو96سال کی عمرمیں انتقال کرگئے ۔مولانا وحید الدین خان کا شمار ہمارے عہد کے ان ممتاز علما میں ہوتا ہے جنھوں نے دین کی تعبیر و تشریح کے ضمن میں اہم علمی کام کیا ہےـ تصنیف و تالیف کے میدان میں ان کے نمایاں کارنامے ہیں ـ

 

مولاناوحیدالدین خان ہندوستان کی مردم خیز سرزمین اعظم گڑھ میں یکم جنوری 1925کو پیداہوئے اوروہاں کی عظیم درسگاہ مدرستہ الاصلاح سے تعلیم حاصل کی ۔آپ کی تحریریں بلاتفریق مذہب ونسل مطالعہ کی جاتی ہیں ۔وہ عام طورپر دانشورطبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں ۔انکا مقصد مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیداکرنا،اسلام کے متعلق غیرمسلموںمیں جوغلط فہمیاں ہیں انھیں دورکرنا تھا۔راشٹرپتی بھون کے عظیم الشان دربار ہال میں منگل کے روز منعقدہ تقریب میں مولاناوحیدالدین خان کے علاوہ جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے سابق ڈائریکٹر جنرل بی بی لال، ماہر امراض قلب کے ڈاکٹر بیلے موناپ ہیگڑے،ایس پی بالاسبرامنیم ،نریندرسنگھ کپانی اور مجسمہ ساز سدرشن ساہو کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی معززین موجود تھے۔مولاناوحیدالدین خان کو پدم وبھوشن ،پدم بھوشن سمیت بہت سے قومی اور بین الاقوامی ایوارڈسے نوازاجاچکاہے ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading