ناندیڑ ( راست) طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ایک صالح مشن الہی ہدایت کے مطابق سماج کی تشکیل نو کے لیے طلباء و نوجوانوں کو تیار کرنے کا کام کرتی آرہی ہے ۔معاشرہ یا کسی بھی اجتماعیت کی صحیح سمت میں موثر پیش رفت بڑی حد تک قیادت پر منحصر ہوتی ہے۔
اسی بناء پر ایس آئی او قیادت کے انتخاب کے لیے منفرد طریقہ اختیار کرتی ہے اور دینی معلومات، تقوی، معاملہ فہمی، تدبر و اصابت رائے ، راہ حق میں استقامت جیسی صفات کو مدنظر رکھ کر تنظیم کے ممبران اپنے عہدیداران کا انتخاب کرتے ہیں. میقات ٢٠٢٤ء کے لیے ایس آئی او ناندیڑ کے ضلعی انتخابات مورخہ ١٠ دسمبر کو منعقد ہوئے. کثرت آراء کی بنیاد پر ناندیڑ ضلع صدر کے لئے برادر مظفر الدین فاروقی کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
مظفر الدین فاروقی نے کامرس سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔سابق میں وہ ایس آئی او حیدر باغ یونٹ کے صدر اور ایس آئی او ناندیڑ کی ضلعی شوری کے رکن بھی رہے ہیں۔جماعت اسلامی ہند سے بھی وابستگی رکھتے ہیں اور جماعت کے قومی سطح کے پبلشر مرکزی مکتبہ اسلامی کے ناندیڑ سب ڈپو اور اسلامک مراٹھی پبلیکیشن ٹرسٹ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ضلعی صدر کے علاوہ ضلعی سطح کی شوریٰ کا انتخاب بھی عمل میں آچکا ہے. یونٹ کے انتخابات اور دیگر ذمہ داریوں کی تفویض کا عمل بھی جلد انجام دیا جائے گا. برادر یکم جنوری ٢٠٢٤ سے صدارتی ذمہ داری سنبھالیں گے.