نئی دہلی: درگاہ اعلی حضرت، بریلی شریف کے سجادہ نشین توصیف رضا خان نے کہا ہے کہ ایودھیا میں واقع بابری مسجد۔مندر تنازعہ پر سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے اسے سبھی کو قبول کرنا چاہیے۔ رضا خاں نے جمعرات کو یہاں جاری بیاں میں کہا کہ بابری مسجد۔رام مندر پر سپریم کورٹ کے 17 نومبر سے پہلے فیصلہ سنائے جانے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلی عدالت اس پر جو بھی فیصلہ سنائے اس کو سبھی کو قبول کرنا چاہیے۔
انہوں نے خاص و عام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں واقع بابری مسجد۔رام مندر تنازعہ کے معاملے میں سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے اس فیصلے کو قبول کریں جس سے ملک کی یکجہتی اور امن وسکون کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔ رضا خان نے کہا کہ کسی بھی فریق کو صورت حال خراب کرنے کی کوئی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
درگاہ کے سجادہ نشین نے کہا کہ مسلم برادری ملک کے آئین اور قانون پر ہمیشہ سے عمل کرتی رہی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم مسلمان ہیں جن کی شناخت امن پسندی ہے ہم کوئی بھی ایسا قدم نہیں اٹھائیں جس سے ہماری شناخت پر کوئی داغ لگے۔‘‘
رضا خان نے خاص طور سے سوشل میڈیا پر اس موضوع پر کچھ لکھنے اور اسے شیئر کرنے میں احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایودھیا میں واقع بابری مسجد۔ رام مندر تنازعہ پر فیصلے کے سلسلے میں کسی بھی مسلم کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
