لندن میں میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا ہے کہ انہوں نے جمعرات کو ایک شخص کو ایک مسجد کے موذن کو چاقو مارنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ حملہ آور نے مبینہ طور پر نماز کے دوران لندن کے ریزینٹس پارک علاقے کے پاس واقع مسجد میں گھس کر موذن پر چاقو سے حملہ کیا ۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں ایک 70 سال سے زیادہ عمر کا زخمی شخص وہاں ملا ، اس کی حالت ہمارے اندازہ کے مطابق خطرے سے باہر ہے ۔ اسپتال لے جانے سے پہلے پیرامیڈکس نے اس کا علاج کیا ۔ تاہم ہم اس کی حالت کے سلسلہ میں مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں ۔
پولیس نے بتایا کہ انہیں مسجد میں چاقو مارنے کی اطلاع ملی تھی ۔ یہاں پہنچ کر ایک شخص کو انہوں نے قتل کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ بتادیں کہ جس وقت موذن پر چاقو سے حملہ کیا گیا ، اس وقت نماز پڑھی جارہی تھی ۔ اس معاملہ سے وابستہ ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ اس ویڈیو کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوپائی ہے ۔