کیتھل: ہریانہ کے کیتھل میں محبت کی شادی سے ناراض ہو کر نابالغ بھائی نے اپنی بہن کا قتل کر دیا۔ بہن جس ہاتھ پر بھائی کو راکھی باندھتی تھی اسی ہاتھوں نے اس کی جان لے لی۔ معلومات کے مطابق ملزم بھائی نے بہن کے سسرال میں گھس کر فائرنگ کردی۔ گولی لگنے سے نوبیاہتا خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ جبکہ اس کی ساس اور بھابھی حملے میں شدید زخمی ہو گئے۔ جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے بدھ کے روز 17 سالہ ملزم بھائی کو اپنی بہن کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔ خاتون کے سسر نے صحافیوں کو بتایاکہ اس کے بیٹے کی فروری میں شادی ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے بہو کے گھر والوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم اس بات پر ناراض تھا کہ بہن نے درج فہرست ذات برادری کے لڑکے سے شادی کر لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بہن کے گھر جا کر فائرنگ کر دی جس سے بہن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ حملے میں ساس اور بھابھی کو شدید چوٹیں آئیں جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔