ناندیڑ/اُردھاپور (ورق تازہ نیوز): ناندیڑ ضلع کے قندھار تعلقہ میں ایک نجی ادارے میں تدریسی خدمات انجام دینے والے اُستاد کی لاش آج اُردھاپور تعلقہ کے پمپلگاؤں مہادیو کے قریب *ہوٹل سوراج فیملی ریسٹورنٹ اینڈ لاج میں برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی ہے۔متوفی اُستاد کا نام آشیش بھاؤ صاحب شنڈے (ساکن گنٹور، تعلق قندھار) بتایا گیا ہے،
جو گزشتہ کچھ دنوں سے مذکورہ لاج میں قیام پذیر تھے۔ موصولہ معلومات کے مطابق، آج صبح 11 بجے شنڈے اپنے کمرے میں انتہائی تشویشناک حالت میں پائے گئے۔ ہوٹل کے عملے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس انسپکٹر چندرشیکھر قدم، بھیم راوَ راٹھوڑ اور راجیش گوٹل واڑ موقع پر پہنچے اور فوری طور پر شنڈے کو ناندیڑ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اس واقعہ سے قندھار اور اُردھاپور تعلقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ موت کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔ اُردھاپور پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔