ہندوستان کی تینوں فوجوں کو ایک کمانڈ کے نیچے لانے کی سمت میں اہم فیصلہ لیتے ہوئے مودی حکومت نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اس کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ تینوں افواج کو ایک کمانڈ کے نیچے لانے سے متعلق باتیں کئی بار ہوئیں اور اس فیصلہ کا طویل عرصہ سےانتظار کیا جا رہا تھا۔
پی ایم مودی نے لال قلعہ پر ہندوستانی پرچم لہرانے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف فوجی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف عہدہ ضروری ہے۔ اس ضرورت کے پیش نظر جلد ہی یہ انتظام کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تینوں فوجوں کو ایک قیادت ملے گی اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے نیچے تینوں افواج مل کر مہمات کو انجام دیں گی۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ اس سے تینوں فوجوں میں تال میل بڑھے گی اور وہ کامیابی کے ساتھ دفاعی تیاریوں کو منظم کر سکیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ وزارت دفاع میں اس سسٹم کو نافذ کرنے کے لئے طویل عرصہ سے غور و خوض چل رہا تھا۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ حکومت افواج کی تمام ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
