
لاتور(محمدمسلم کبیر) لاتور ضلع کی نامور قائد ایڈوکیٹ محمد مجیب الدین پٹیل کا آج لاتور کےخانگی دواخانے میں دوران علاج انتقال ہوا.مرحوم کی عمر 81 برس تھی.
ایڈوکیٹ محمدمجیب الدین پٹیل نے اپنے وکالت اور سماجی کاموں کا آغاذ 1964 سے کیااور تاحیات اوسہ شہر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی افق پر چمکتے رہے.مرحوم ایڈوکیٹ پٹیل نے اوسہ بلدیہ میں بحیثیت کونسلر اور صدارت بلدیہ پر مسلسل 35 سال فائز رہے.اسی طرح مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی،مراٹھواڑہ وقف بورڈ پر بھی رکن کی حیثیت سے سماجی خدمات پر معمور رہے. ایڈوکیٹ پٹیل نے اوسہ شہر میں اپنے رفقاء کے تعاؤن سے فخرالدین علی احمد ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انصرام حضرت سورت شاہ اردو پرائمری و ہائی اسکول کی بنیاد ڈال کر اردو تعلیم کا نظم کیا.
مہاراشٹر پردیش کانگریس اور لاتور ضلع کانگریس میں مختلف عہدوں کے توسط سے سیاسی گرفت پر قابض رہے.بلکہ دو مرتبہ انتہائی معمولی وؤٹوں سے اوسہ حلقہ اسمبلی سے شکست کا سامنا کیا.ضلع لاتور اور بالخصوص اوسہ شہر میں امن و سلامتی کو بحال کرنے میں مرحوم نے عمدہ حکمت عملی اختیار کی تھی جو آج تک قائم ہے.
مرحوم نہایت منکسرالمزاج اور مہمان نواز تھے.بلا لحاظ مذہب و ملت ہر ایک سے حسن اخلاق اور خندہ پیشانی سے ملتے.ہمارے نمائندے محمدمسلم کبیر کا مرحوم ایڈوکیٹ مجیب الدین پٹیل سے دیرینہ تعلق رہا ہے. حالات حاضرہ اور موجودہ سیاسی و سماجی حالات پر گفتگو کرتے.مرحوم کے تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے تعلقات رہے جس کی بنا پر انھوں نے اوسہ شہر کی بنیادی ضرورتوں کی تکمیل اور بلدیہ کے مستقل ذرائع آمدنی میں اضافے کی خاطر شاپنگ کامپلیکس تعمیر کروائے اور عوامی مفاد کی خاطر شہر میں راستوں، آبی سربراہی، اسٹریٹ لائٹ کے کاموں کو ترجیح دی جس عوام میں مقبولیت میں اضافہ ہوا.
مرحوم ایڈوکیٹ مجیب الدین پٹیل کے لواحقین میں بیوہ کے علاوہ7 فرزندان اور 3 دختران،نبیرزادے و نبساء شامل ہیں.
ادارہ، اللہ پاک سے دعا گو ہے کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے.آمین