قبا مسجد میں نماز کے بعد SIR کے تعلق سے عوامی بیداری مہم الحاج سید معین کی عوام سے اہم اپیل

ناندیڑ:(راست)4/جولائی:نقیبِ ملت، رکنِ پارلیمان (حیدرآباد) بیرسٹر اسد الدین اویسی صاحب کی ہدایت اور کل ہند مجلس اتحاد المسلمین، مہاراشٹر کے صدر و سابق رکنِ پارلیمان جناب امتیاز جلیل صاحب کی رہنمائی میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کی جانب سے ریاست بھر میں SIR (Special Intensive Revision) کے تعلق سے عوامی بیداری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، تاکہ ہر اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ میں برقرار رہے اور کوئی بھی شخص اپنے آئینی و جمہوری حق سے محروم نہ ہو۔

اسی سلسلے میں آج AIMIM مہاراشٹر کے سینئر رہنما الحاج سید معین صاحب نے قبا مسجد، ناندیڑ میں نماز ادا کرنے کے بعد نمازیوں، معززینِ علاقہ اور عوام الناس سے ملاقات کرتے ہوئے SIR (Special Intensive Revision) کے تعلق سے تفصیلی رہنمائی فرمائی۔اپنے خطاب میں سید معین صاحب نے کہا کہ ووٹ صرف ایک حق نہیں بلکہ قوم کی آواز، آئینی طاقت اور جمہوریت کی بنیاد ہے۔ اگر کسی شہری کا نام ووٹر لسٹ سے خارج ہوجاتا ہے تو وہ اپنے بنیادی آئینی حق سے محروم ہوسکتا ہے۔ اس لیے ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے نام ووٹر لسٹ میں لازماً چیک کرے، مطلوبہ دستاویزات بروقت جمع کرائے اور اس عمل کو ہر صورت مکمل کرے۔

سید معین صاحب نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں صرف عبادات ہی کا درس نہیں دیتا بلکہ امانت، ذمہ داری، عدل اور اجتماعی شعور بھی سکھاتا ہے۔ اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کی حفاظت بھی ایک اہم قومی ذمہ داری ہے، جس سے غفلت برتنا مستقبل میں نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔سید معین صاحب نے کہا کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ہمیشہ مسلمانوں، اقلیتوں، دلتوں، پسماندہ طبقات اور تمام مظلوم و محروم عوام کے آئینی، سماجی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے سڑک سے لے کر ایوان تک مسلسل اور بے باک جدوجہد کرتی آئی ہے۔ مجلس کا مقصد صرف انتخابات میں حصہ لینا نہیں بلکہ سال بھر عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھنا، ان کی آواز بننا اور ہر آئینی و قانونی پلیٹ فارم پر ان کے حقوق کے لیے مؤثر جدوجہد کرنا ہے۔

سید معین صاحب نے اس موقع پر کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر شخص خود بھی بیدار رہے اور اپنے اہلِ خانہ، رشتہ داروں، پڑوسیوں اور دوستوں کو بھی SIR کی اہمیت سے آگاہ کرے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر ووٹر لسٹ سے خارج نہ ہونے پائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے جمہوری حق کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔آخر میں سید معین صاحب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین مستقبل میں بھی عوام کے آئینی، جمہوری اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر اس آواز کے ساتھ کھڑی رہے گی جو انصاف، مساوات اور دستورِ ہند کی بالادستی کے لیے بلند ہوگی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading