آگرہ:سکندرہ تھانہ حلقہ میں پولیس نے ایک فارم ہاوس پر چھاپہ مار کر جسم فروشی کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے ۔ یہاں سے ریکیٹ آپریٹر اور تین لڑکیوں سمیت بارہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ گرفتار تینوں لڑکیاں مغربی بنگل کی رہنے والی ہیں ۔ ان کے خلاف غیر اخلاقی جسم فروشی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ان سے جسم فروشی کرائی جارہی تھی ۔ مخبر کی اطلاع پر اے ایس پی سوربھ دیکشت نے پولیس ٹیم کے ساتھ کملا فارم ہاوس پر چھاپہ ماری کی ۔ پولیس کی چھاپہ ماری سے وہاں بھگدڑ مچ گئی ۔ تلاشی کے دوران الگ الگ کمروں میں لڑکے اور لڑکیاں قابل اعتراض حالت میں ملیں ۔ پولیس نے جائے واقعہ سے بارہ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق سکندرہ کے انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک فارم ہاوس جسم فروشی کا اڈہ بن گیا تھا ۔ یہاں مغربی بنگال کی لڑکیوں کو گراہکوں کے سامنے پیش کیا جاتا تھا ۔ بتایا جارہا ہے کہ لیز پر فارم ہاوس کو لے کر یہ دھندہ کیا جارہا تھا ۔ اے ایس پی کے مطابق یہ فارم ہاوس اشوک رانا کا ہے ۔ سچن ، پرم ، وشنو اور وشال گویل نے یہ اشوک رانا سے لیز پر لے رکھا ہے ۔ چاروں پارٹنر گرفتار پردیپ اور رنویر کے ذریعہ مختلف جگہوں سے لڑکیاں لاتے ہیں ۔ اس کے بعد انہیں فارم ہاوس میں آنے والے گراہکوں کے سامنے ایک سے دو ہزار روپے میں پیش کیا جاتا ہے ۔
گرفتار ریکیٹ آپریٹر سے پوچھ گچھ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس غیر اخلاقی کمائی میں سے فارم ہاوس کے اصل مالک اشوک کو بھی رقم پہنچائی جاتی تھی ۔پولیس کے مطابق انہیں یہاں چل رہے اس کھیل کی پوری جانکاری بھی تھی ۔ پولیس نے چھاپہ مار کر آپریٹر اور تین لڑکیوں سمیت بارہ کو گرفتار کیا ہے ۔گرفتار افراد کے پاس سے دو طمنچے ، سات موبائل فون ، چھ بیئر کی کین ، چھ ہزار روپے اور دیگر قابل اعتراض سامان ملا ہے ۔