غیر قانونی بینروں اور ہورڈنگوں کے خلاف مہم چلانے کا حکم
میونسپل کمشنر سوروبھ راؤ نے جرمانے اور مقدمات کی نگرانی کی ہدایت دی
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن کے حدود میں غیر قانونی فلیکس، بینروں، اور پوسٹروں کے خلاف روزانہ مہم چلانے کے احکامات کمشنر سوروبھ راؤ نے جاری کیے ہیں۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نوٹس جاری کرنے، جرمانے وصول کرنے اور قانونی کارروائی کی روزانہ نگرانی کریں۔
کمشنر راؤ نے کہا کہ غیر قانونی پوسٹروں اور بینروں سے شہر کی خوبصورتی خراب ہو رہی ہے، اور اس سلسلے میں ہائی کورٹ کے سخت احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ غیر قانونی طور پر لگائے گئے بینروں یا پوسٹروں کے خلاف فوری نوٹس، جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں۔
یہ احکامات بدھ کی شام منعقدہ اجلاس میں دیے گئے، جس میں کمشنر سوروبھ راؤ نے تمام ڈپٹی کمشنروں، اسسٹنٹ کمشنروں، محکمہ جاتی سربراہان اور ایگزیکٹیو انجینئروں کے ساتھ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر سندیپ مالوی اور پرشانت روڈے، اور چیف انجینئر پرشانت سوناگرا بھی موجود تھے۔
کمشنر راؤ نے ہدایت دی ہے کہ ہر سال مانسون سے پہلے درختوں کی شاخ تراشی کی جائے۔ اس سلسلے میں جنوری سے خطرناک درختوں اور شاخوں کی کٹائی کا کام شروع کیا جائے گا۔
2024 کے گنیش چترتھی میں 30 فیصد مورتیوں کو ماحول دوست بنانے کی کامیابی کے بعد، کمشنر نے 2025 میں اس تعداد کو بڑھانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے مٹی کی مورتیاں بنانے والوں کے لیے جگہ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے اور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔
کمشنر نے کہا کہ گنیش مورتیوں کی فروخت کے لیے مرکزی مقامات پر اسٹال قائم کیے جائیں تاکہ عوامی نقل و حرکت اور ٹریفک میں رکاوٹ نہ ہو۔ اسسٹنٹ کمشنروں کو اپنے علاقوں میں اس پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی گئی۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کے ان اقدامات کا مقصد شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا اور عوامی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔
