ناندیڑ:5ستمبر:(ورقِ تازہ نیوز)ناندیڑ شہر مونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی نل کنکشنز کو مستقل کرنے کے لیے مدت میں توسیع کی ہے جس کی آخری تاریخ 16 ستمبر رکھی گئی ہے۔ شہر میں غیر مجاز نل کنکشن کو تلاش کر کے ان کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے کمشنر ڈوئی پھوڑے نے 21 دستے تیار کیے ہیں جو شہر میں مختلف علاقوں میں گھوم کر غیر مجاز نل کنکشن کو تلاش کر کے متعلقین کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔ اس ضمن میں کمشنر ڈوئی پھوڑے نے بتایا کہ اس مدت کے اختتام کے بعد اس مہم میں شدت پیدا کی جائے گی ۔
بالخصوص کوچنگ گلاسز ہوٹلز اور ڈاکٹرز کے پاس غیر قانونی نل کنکشن زیادہ بتائے جاتے ہیں ان کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔ ناندیڑ کارپوریشن میں گزشتہ دنوں سروے کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی کنکشن ہےں، جن میں ہوٹل والے ڈاکٹرز اور دیگر بڑے تاجر بھی شامل ہے جبکہ کچھ افراد نے اپنے نل کنکشن کو گھریلو بتا کر اس کا استعمال کاروبار کے لیے بھی کیا ہے۔
غیر مجاز نل کنکشنز کو مستقل کرنے کے لیے اخری تاریخ 31 اگست تک دی گئی تھی لیکن اس ضمن میں کارپورٹرز کے وفد نے کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے اس میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد کمشنر نے 16 ستمبر تک اس کے اخری ڈیڈ لائن دی ہے۔
کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے آج اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر 16 ستمبر کے بعد بھی غیر مجاز نل کنکشن پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ان غیر مجاز نل کنکشن کی وجہ سے کارپوریشن کو بڑے پیمانے پر محصول بھی نہیں مل رہا ہے ۔کئی مرتبہ غیر مجاز کنکشن والوں کو نوٹس بھی جاری کی گئی ہے لیکن انہوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔اس لیے اب ان کے خلاف سخت مقدمہ درج کرنے کی تیاری کارپوریشن نے کر لی ہے۔
حالانکہ اس کاروائی کو روکنے کے لیے کئی سیاسی لیڈران نے دباو¿ کا استعمال بھی کیا ہے جس پر کمشنر نے کہا کہ ہم کسی بھی سیاسی دباو¿ کے بغیر اپنی کاروائی جاری رکھیں گے۔ اس مہم میں چاہے جتنے بڑے لیڈران ‘کاروباری اور صنعتکارآئیں گے ان کے خلاف بھی سختی کے ساتھ کاروائی کی جائے گی۔