غزہ شہر : اسرائیلی ریاست کی فوج نے ایک اور کثیر المنزلہ عمارت بمباری کر کے تباہ کر دی

اسرائیلی ریاست نے غزہ میں تباہی مچانے کی جنگ جاری رکھتے ہوئے بدھ کے روز غزہ شہر میں ایک اور کثیر المنزلہ عمارت کو تباہ کر دیا ہے۔اب تک کثیر المنزلہ عمارتوں کو تباہ کرنے کی اسرائیلی جنگی مہم میں درجنوں عمارتیں تباہ کی جا چکی ہیں تاکہ غزہ کے فلسطینی ان عمارتوں میں بے گھر ہونے کے بعد پناہ نہ لے سکیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے جاری کردہ فوٹیج میں دکھایا ہے کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے جاری بمباری کے نتیجے میں ایک اونچے ٹاور پر مبنی عمارت کو غزہ شہر میں حملے کا نشانہ بنایا گیا ۔اسرائیلی فوج کے عربی زبان بولنے والے ترجمان نے کہا ہم نے اس سے پہلے انخلاء کے لیے ایک حکم جاری کر دیا تھا تاکہ طیبی ٹو ٹاور میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی اسے خالی کر کے نکل جائیں۔

بعد ازاں اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک اور بیان میں کہا گیا ہے اس نے کثیر المنزلہ عمارت کو نشانہ بنا دیا ہے۔ جسے حماس کے دہشت گرد استعمال کر رہے تھے۔خیال رہے غزہ میں ہر پناہ گزین کیمپ پر بمباری کر کے اسے تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی ریاست کی طرف سے اس کی فوج اسی قسم کا بیان جاری کرتی ہے کہ اس نے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

‘اے ایف پی’ کی طرف سے جاری کردہ تصاویر میں اس اونچی رہائشی بلڈنگ سے اٹھنے والا دھواں آسمان کو چھو رہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ بلڈنگ شہر کے مرکزی علاقے میں مغرب کی جانب واقع تھی۔فلسطینی اس بلڈنگ کی تباہی کے بعد ملبے کے نیچے آئی اپنی چیزوں کی تلاش میں نظر آرہے تھے کہ شاید ان کے استعمال کی کوئی چیز تباہی سے بچ گئی ہو۔

اقوام متحدہ نے پچھلے ماہ کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں قیامت خیز تباہی ہوئی ہے۔ انسانی بنیادوں پر المیے نے جنم لیا ہے اور لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر کے نقل مکانی پر بار بار مجبور کیا جا رہا ہے۔ اسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading