نئی دہلی: ایک اہم قانونی پیش رفت میں دہلی کی کڑکڑڈومہ کورٹ نے دہلی فساد 2020 سے جڑے ایک اہم مقدمہ میں تمام 6 ملزمان کو باعزت بری کر دیا ہے۔ مقدمے میں ملزمان پر ہنگامہ آرائی، چوری، توڑ پھوڑ اور آتش زنی جیسے سنگین الزامات عائد تھے۔ ملزمان ہاشم علی، ابو بکر، محمد عزیز، راشد علی، نجم الدین عرف بھولا، اور محمد دانش پر تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ کراول نگر تھانہ میں درج کیا گیا تھا۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کے وکیل ایڈوکیٹ سلیم ملک ہاشم علی اور راشد علی کے مقدمے کی پیروی کر رہے تھے، جب کہ جمعیۃ کے دوسرے وکیل ایڈوکیٹ شمیم اختر ابو بکر کی پیروی کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ ہاشم علی شیو وہار کی مدینہ مسجد کے متولی بھی ہیں، جس مسجد کو فسادیوں نے 6 سلنڈر لگا کر تباہ کر دیا تھا، اور ان کا گھر بھی جلایا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے الٹا ان پر مقدمہ درج کر دیا تھا، جس پر عدالت نے شروع میں ہی تنقید کی۔