عالمی کپ LIVE: ٹیم انڈیا کو پہلی کامیابی، نیوزی لینڈ کا پہلا کھلاڑی ایک رن پر آؤٹ

ٹیم انڈیا کو پہلی کامیابی، نیوزی لینڈ کا پہلا کھلاڑی ایک رن پر آؤٹ

ٹیم انڈیا کو اپنی پہلی کامیابی جسپریت بمراہ نے دلا دی ہے۔ انہوں نے ایک کے اسکور پر مارٹل گپٹل کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مارٹن گپٹل نے 14 گیندوں کا سامنا کیا اور محض ایک رن کا تعاون کیا۔

فی الحال 4 اوور ختم ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر دو رن ہے۔ کریز پر کپتان کین ولیمسن ایک رن بنا کر موجود ہیں جبکہ ہینری نکولس نے ابھی اپنا کھاتا نہیں کھولا ہے۔

نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

مانچسٹر: نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے یہاں اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر ہندوستان کے ساتھ جاری آئی سی سی عالمی کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہندوستان نے اس میچ کے لئے ایک تبدیلی کی ہے۔ کلدیپ یادو کے مقام پر یجویندر چہل کی واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد شامی کو آخری لیگ مقابلہ کی طرح سیمی فائنل میں بھی باہر رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ محمد شامی کو پہلے تین میچوں میں نہیں کھلایا گیا تھا اس کے بعد جب موقع ملا تو انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار میچوں میں 14 وکٹ حاصل کر لئے۔ لیکن اس کے بعد آخری لیگ میچ میں انہیں جگہ نہیں دی گئی اور آج بھی انہیں باہر رکھا گیا ہے۔

ادھر نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤدی کے مقام پر لاکی فرگیوسن کو موقع دیا گیا ہے۔ فرگیوسن کو چوٹ لگنے کی وجہ سے گذشتہ میچ میں آرام دیا گیا تھا۔

اولڈ ٹریفرڈ میں بارش کے حالات لیکن کنڈیشن اوور کاسٹ ہے۔ پچ نئی بنی ہے اور خشک ہے، لہذا کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ لیا۔


دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں

ہندوستان: روہت شرما، لوکیش راہل، وراٹ کوہلی (کپتان)، رشبھ پنت، دنیش کارتک، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، بھونیشور کمار، یجویندر چہل، رویندر جڈیجا اور جسپریت بمراہ۔

نیوزی لینڈ: مارٹن گپٹل، ہینری نکولس، کین ولیمسن (کپتان)، روس ٹیلر، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، جمی نیشم، کولن ڈی گرانڈہوم، مشیل سینٹنر، لاکی فرگیوسن، میٹ ہینری، ٹرینٹ بولٹ۔

مانچسٹر کے آسمان پر چھائے ہیں زبردست بادل

کچھ دیر میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان عالمی کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ کھیلا جانا ہے لیکن مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میدان کے اوپر آسمان میں زبردست بادل نظر آ رہے ہیں۔ بارش کسی بھی وقت ہو سکتی ہے اور اس کے امکانات 50 سے 60 فیصد تک ہیں۔ بارش ہونے کے خدشہ سے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں میں بے چینی ہو سکتی ہے کیونکہ اگر یہ میچ آج نہیں ہوتا ہے تو بدھ کے روز ریزرو دن بھی بارش کا اندیشہ ہے۔ بدھ کے روز بارش کے امکانات 90 فیصد ہیں۔ یعنی میچ اگر کسی بھی وجہ سے نہیں ہو پایا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم بغیر کھیلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔


16 سال بعد ہندوستان اور نیوزی لینڈ عالمی کپ میں آمنے-سامنے

عالمی کپ میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک سات میچ ہوئے ہیں اور آخری مقابلہ 2003 میں ہوا تھا۔ گویا کہ دونوں ٹیمیں عالمی کپ میں 16 سال قبل آمنے-سامنے ہوئی تھیں اور اب 2019 کے سیمی فائنل میں آمنے-سامنے ہیں۔ 2003 میں عالمی کپ جنوبی افریقہ میں ہوا تھا جب گانگولی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو محض 146 رن پر سمیٹ دیا تھا۔ اس میچ میں ظہیر خان نے 4 اور ہربھجن سنگھ نے 2 وکٹ لیے تھے۔ بلے بازی میں محمد کیف کے ناٹ آؤٹ 68 اور راہل دراوڑ کے ناٹ آؤٹ 53 رن کی بدولت ہندوستان نے 147 رن کا ہدف بہ آسانی 41ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

آج روہت کے نشانے پر سچن تندولکر کے دو ریکارڈ

روہت شرما جب آج عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے اتریں گے تو ان کے سامنے سچن تندولکر کے دو ریکارڈ توڑنے کا موقع رہے گا۔ ایک ریکارڈ تو عالمی کپ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے کا ہے اور دوسرا ہے عالمی کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا۔ قابل غور ہے کہ اس وقت تندولکر اور روہت دونوں کے ہی نام پر عالمی کپ میں مجموعی طور پر 6-6 سنچری کا ریکارڈ ہے۔ آج اگر ایک سنچری اور روہت لگانے میں کامیاب ہوئے تو سچن کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ دوسری طرف ایک عالمی کپ میں سب سے زیادہ 673 رن سچن تندولکر نے بنائے ہیں۔ روہت شرما نے اس وقت 647 رن بنائے ہیں اور وہ سچن کا یہ ریکارڈ آج بہ آسانی توڑ سکتے ہیں۔ انھیں محض 27 رن درکار ہیں۔

ہندوستان کی فتح کے لیے درگاہ پر چڑھائی گئی چادر

آج انگلینڈ کے مانچسٹر میں آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔ میچ میں ہندوستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہے اور اس میچ پر بارش کا سایہ منڈلا رہا ہے۔ لوگ دعا گو ہیں کہ بارش اس میچ پر پانی نہ پھیرے۔ اس درمیان ہندوستان میں مختلف مقامات پر ہندوستان کی فتح کے لیے دعائیں اور پوجا ہو رہی ہیں۔ پریاگ راج کی کچھ تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں ہندوستان کی فتح کے لیے کہیں پوجا ہو رہی ہے تو کہیں درگاہ پر چادر چڑھائی جا رہی ہے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading