ضلع پریشد تھانے کی اپیل: 31 اگست تک ذاتی فائدہ کی اسکیموں کے لی ے آن لائن درخواستیں داخل کریں

ضلع پریشد تھانے کی اپیل: 31 اگست تک ذاتی فائدہ کی اسکیموں کے لیے آن لائن درخواستیں داخل کریں

تھانے (آفتاب شیخ) –

ضلع پریشد تھانے کے تحت مختلف محکموں کی جانب سے ذاتی فائدہ کی اسکیمیں لاگو کی گئی ہیں، جن میں سماجی بہبود، زراعت، خواتین و اطفال اور حیوانات کے محکمے شامل ہیں۔ ان اسکیموں کا مقصد معذور افراد، پسماندہ طبقات، کسانوں، خواتین اور مویشی پروروں کو براہ راست مالی و مادی امداد فراہم کرنا ہے۔

اہل درخواست دہندگان اپنی درخواستیں 31 اگست 2025 تک ضلع پریشد کی سرکاری ویب سائٹ https://zpthaneschemes.com پر آن لائن داخل کر سکتے ہیں۔ درخواستوں کی تصدیق تعلقہ سطح پر یکم تا 7 ستمبر جبکہ ضلعی سطح پر 8 تا 15 ستمبر کے دوران کی جائے گی۔

محکمہ سماجی بہبود کے تحت معذور افراد کے لیے روزگار، تھری وہیلر سبسڈی، شادی پر امداد، کاشتکاری کے کاروبار کے لیے مالی مدد، خصوصی اسکالرشپ اور پسماندہ طبقات کے طلباء کو سائیکل، کوچنگ فیس کی واپسی اور چھوٹی صنعتوں کے لیے تعاون جیسی اسکیمیں شامل ہیں۔

محکمہ زراعت کی جانب سے آبپاشی کے ساز و سامان، جدید زرعی آلات، فصلوں کے تحفظ کے لیے باڑ، اور پلاسٹک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے امداد فراہم کی جائے گی۔

خواتین و اطفال محکمہ کے تحت خواتین کو سلائی مشین، گھرگھنٹی، پیکو فال مشین، طالبات کو سائیکل اور کمپیوٹر تربیت فراہم کرنے کے علاوہ ہونہار طلبہ کے لیے خصوصی تربیت کا انتظام کیا گیا ہے۔

محکمہ حیوانات کے ذریعے ہائبرڈ گائے/بھینس، بکریوں کے گروپ، اور دودھ دینے والی مشین جیسی سہولتیں سبسڈی پر فراہم کی جائیں گی۔

ضلع پریشد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شفاف اور آسان عمل سے فائدہ اٹھائیں اور مقررہ تاریخ سے قبل درخواستیں ضرور داخل کریں۔ مقامی سرپنچ، آنگن واڑی ورکرز، اسکول اور کالج اس مہم کو کامیاب بنانے میں معاونت کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین ان اسکیموں سے مستفید ہوسکیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading