ناندیڑ:16جنوری(ورق تازہ نیوز) ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ ہماری ریاست کے کچھ دیہاتوں کے ساتھ ناندیڑ ضلع میں بھی برڈ فلو پھیل گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے اسکا اثر دیگر علاقوں تک نہ پھیلے اسلئے احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر ڈاکٹرویپن اٹنکر نے دی ہے۔بلولی تعلقہ کے موضع ہنگندا میں 8 جنوری کو دو کوے مردہ پائے گئے تھے اور 9 جنوری کو تین کوے ایک بغلہ مردہ پایاگیاتھا ۔اس کے بعد ، ضلع انتظامیہ نے محکمہ مویشی پالن کے تحت جاری شعبہ کے ذریعہ خصوصی اقدامات اور اسکواڈ تشکیل دیئے تھے۔
11 جنوری کو ، ماہور کے موضع پاپلواڑی میں 4 مرغیاں اور 3 کوے مردہ پائے گئے تھے اور قندہارتعلقہ ناوندیاکی واڑی میں 8 مرغیاں ، 12 جنوری کو کنوٹ تعلقہ کے موضع تلہاری میں 9 مرغیاں مردہ پائی گئیں اور 13 جنوری کو قندھار کے موضع چکھلی میں 5 مرغیاں مردہ پائی گئیں۔ مردہ پرندوں کے نمونے پونے کے امراض تحقیقاتی محکمہ اور بھوپال کے قومی انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سیکیورٹی ویٹرنری میڈیسن کو روانہ کئے گئے تھے جس کی رپورت مثبت آئی ہے ۔
پونے اور بھوپال کی لیبارٹریوں کے نمونوں کا تجربہ کیا گیا ہے اور کووں اور مرغیوں میں ایوی انفلوئنزا (H5N8) اور ایوی انفلوئنزا (H5N1) وائرس پایاگیا۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر کے حکم کے مطابق ماہور میں ایک علاقہ کو "متاثرہ علاقہ” قرار دیا گیا ہے اور وہاں پر حفاظتی اقدامات نافذ کردیئے گئے ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت ، برڈ فلو کی وبا پھیلنے کی جگہ سے 1 کلومیٹر کے دائرے میں تمام مرغیوں کے خاتمے کے لئے کارروائی کی جارہی ہے اور باقی جگہوں پر بھی سروے جاری ہے۔