بھیونڈی ( شارف انصاری):- بھیونڈی شہر کے نائیگاؤں ، سلامت پورہ علاقے میں واقع لڑکیوں کا معروف تعلیمی ادارہ انصاری صافیہ گرلز ہائی اسکول میں آج صبح تقریبا 10 بجے کے قریب دسویں جماعت میں زیر تعلیم ایک طالبہ نے اسکول میں جاری امتحانی جانچ کا پرچہ ختم ہونے کے بعد اسکول کے پانچویں منزلے سے نیچے چھلانگ لگاکر خود کشی کر لی ۔

اس سنسنی خیز معاملہ کے منظرِ عام پر آتے ہی شہر بھر میں المیہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ شدید زخمی حالت میں طالبہ کو ممبئی کے جے جے اسپتال لے جاتے وقت راستے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ طالبہ کا نام مبشرہ شیخ بتایا جارہا ہے۔ وہ بھیونڈی کے فاطمہ نگر میں اپنے والدین کے ساتھ رہتی تھی۔ اور صافیہ گرلز ہائی اسکول میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھی۔ اسکول میں امتحانی جانچ(ٹیسٹ) شروع ہے۔ آج سماجی علوم کا پرچہ تھا۔

مبشرہ صبح ساڑھے سات بجے اسکول آئی اور اسکول کے پہلے منزلے پر کلاس روم میں جاکر اس نے ساڑھے نو بجے تک اپنا امتحانی پرچہ حل کیا۔ امتحان ختم ہونے کے بعد وہ اسکول کے پانچویں منزلے پر گئی اور وہاں سے نیچے چھلانگ لگادی۔ جس سے وہ اسکول کے احاطے میں زوردار آواز کے ساتھ زمین پر گرپڑی۔ اس وقت اسکول کے احاطے میں دیگر طالبات بھی موجود تھیں۔ اس حادثے سے ان میں سراسیمگی پھیل گئی۔

اسکول انتظامیہ نے شدید زخمی مبشرہ کو قریب کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں لے گئے۔ لیکن وہاں پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے انہیں سرکاری اسپتال میں لے جانے کا مشورہ دیا۔ جس کے بعد مبشرہ کو شہر کے آئی جی ایم ہاسپٹل میں لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے ممبئی کے جے جے اسپتال ریفر کردیا گیا۔ جہاں لے جاتے ہوئے راستے میں ہی مبشرہ کی موت واقع ہوگئی۔ اسکول میں امتحانی ٹیسٹ جاری ہونے پر ٹیسٹ کا پرچہ ختم ہونے کے بعد مبشرہ نوروالدین شیخ کی خود کشی کئے جانے کا معاملہ ایک معمہ بنا ہوا ہے۔اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ بچی کے والدین سے استفسار کے بعد ہی بچی کی خود کشی کی وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔ اس حادثے کی جانکاری ملنے پر شانتی نگر پولس نے اسکول میں جاکر اپنی تفتیش شروع کی ہے۔