شہریت ترمیمی قانون کے خلاف تلنگانہ اسمبلی میں قرارداد منظور کی جائے گی: کے سی آر

حیدرآباد25جنوری(یواین آئی)تلنگانہ کے وزیراعلی چندرشیکھر راو نے اعلان کیا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف ریاستی اسمبلی میں قرارداد منظور کی جائے گی۔انہوں نے آج ریاست میں بلدیات اور کارپوریشن کے انتخابات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد منظورکی جائے گی۔

مسٹر راونے بتایا کہ انھوں نے شہریت ترمیم قانون کے سلسلے میں دیگرریاستوں کے وزرائے اعلی اورسیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے بات چیت کی ہے اوراندرون ایک ماہ شہرحیدرآباد میں شہریت ترمیم قانون کی مخالفت کرنے والے وزرائے اعلی اورعلاقائی جماعتوں کا اجلاس طلب کیاجائے گا۔انھوں نے بتایا کہ شہریت ترمیمی قانون میں مسلمانوں کو شامل نہ کرنے پرانھیں تکلیف پہنچی ہے۔انہوں نے کہا ”ہم جلد ہی علاقائی جماعتوں کا اجلاس منعقد کریں گے۔ ہم سی اے اے کے خلاف دس لاکھ افراد کے ساتھ مظاہرہ کریں گے دیگر ریاستوں نے پہلے ہی کی مخالفت کرنے کی قرارداد منظور کی ہے“۔

مسٹر راو نے شہریت ترمیمی قانون کو 100فیصد غلط قراردیتے ہوئے وزیراعظم سے اس بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا او رکہا کہ یہ ملک اورملک کی جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے شہریت ترمیمی قانون پر مرکز کی این ڈی اے حکومت پر شدید نکتہ چینی بھی کی۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی سیکولر ہے جو جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔مذہب،ذات یانسل کی بنیاد پر کسی سے بھی امتیاز نہیں کرناچاہئے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading