شمیم خان کی کاوشوں سے ممبرا کی خواتین کو ملی راحت
ضرورت مند خواتین کے لیے معاشی امداد کی راہ ہموار
تھانے (آفتاب شیخ)
مہاراشٹر حکومت کی 2024-25 کی اقتصادی امداد اسکیم نے بیوا، بزرگ، طلاق یافتہ اور مستحق بچوں کے لیے پورے ریاست میں ایک نئی امید پیدا کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ممبرا کی ہزاروں ضرورت مند خواتین نے درخواستیں دینا شروع کر دی ہیں، لیکن آمدنی سرٹیفکیٹ کی شرط کی وجہ سے کئی خواتین اس سہولت سے محروم ہو رہی تھیں۔
اس مسئلے کو دیکھتے ہوئے مقامی ایم ایل اے اور سابق وزیر ڈاکٹر جیتندر اوہاد کی رہنمائی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے کلوا-ممبرا اسمبلی حلقے کے صدر شمیم احمد خان نے تھانے میونسپل کارپوریشن کے سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کو خط لکھا۔ انہوں نے تجویز دی کہ آمدنی سرٹیفکیٹ کی بجائے خواتین کو راشن کارڈ کی بنیاد پر درخواست دینے کی اجازت دی جائے، کیونکہ اسکیم کا مقصد کمزور اور ضرورت مند خواتین کی مدد کرنا ہے، اور یہ شرط ان کے لیے مشکلات پیدا کر رہی تھی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شمیم احمد خان کی کوششوں کے بعد سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے اسکیم میں تبدیلی کرتے ہوئے آمدنی سرٹیفکیٹ کی شرط کو ختم کر دیا ہے۔ اب صرف پیلا یا نارنگی راشن کارڈ، جس پر سالانہ آمدنی ایک لاکھ روپے سے کم درج ہو، درخواست کے لیے کافی ہوگا۔
اس فیصلے سے بڑی تعداد میں مستحق خواتین کو فائدہ ہوا ہے، جو اب باآسانی اسکیم کے تحت معاشی مدد حاصل کر سکتی ہیں۔ شمیم خان نے اس مثبت اقدام پر تھانے میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے راشن کارڈ اور ضروری دستاویزات کے ساتھ جلد از جلد درخواست دیں۔ اس تبدیلی نے ممبرا کی ضرورت مند خواتین کے لیے امید کی کرن پیدا کی ہے اور مقامی شہریوں نے اس قدم کو خوب سراہا ہے۔ یہ اسکیم خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
