ناندیڑ/کنوٹ (ورق تازہ نیوز):شادی کا منڈپ سج چکا تھا، شہنائی کی دھن گونج رہی تھی اور چند ہی گھنٹوں میں رسمِ عقد انجام پانے والی تھی، لیکن اسی دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا۔ جس دولہا کے استقبال کے لیے دلہن کا خاندان پوری طرح تیار تھا، وہی دولہا شادی کی رسم سے قبل ہی پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا۔
یہ سنسنی خیز واقعہ ضلع ناندیڑ کے کنوٹ تعلقہ میں پیش آیا ہے، جس نے پورے علاقے میں کھلبلی مچا دی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ لاپتہ ہونے والا دولہا اور دلہن دونوں ہی پولیس محکمے میں ملازم ہیں۔
معاملہ کیا ہے؟
کنوٹ تعلقہ کے ناگیش واڑی گاؤں کا رہائشی یوگیش دتّا گھُگے، جو چندرپور ضلع پولیس میں کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے، اس کی شادی تعلقہ ہی کے مدناپور کی ایک پولیس اہلکار لڑکی سے طے ہوئی تھی۔ دونوں پولیس خاندانوں نے تقریباً ایک سال قبل یہ رشتہ طے کیا تھا۔ منگل کے روز صبح 11 بج کر 54 منٹ کے مبارک وقت پر شادی کی تقریب مقرر تھی۔
ہلدی میں خوب رقص، پھر اچانک غائب
پیر کی رات مدناپور میں ہلدی کی رسم بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ بارات دلہن کے گھر پہنچی تھی۔ اس موقع پر ڈی جے کی دھن پر دولہا یوگیش اور دلہن نے ایک ساتھ خوب رقص بھی کیا۔ رات دیر تک خوشیوں کا سماں رہا۔
تاہم منگل کی علی الصبح جب شادی کی تیاریاں آخری مرحلے میں تھیں، تو یوگیش اچانک لاپتہ پایا گیا۔ صبح رشتہ داروں نے اس کی تلاش شروع کی، مگر وہ کہیں نہیں ملا۔ اس کا موبائل فون بھی بند آ رہا ہے، جس سے اہل خانہ کی تشویش میں مزید اضافہ ہو گیا۔
شادی سے چند گھنٹے قبل دولہا کے لاپتہ ہونے کی خبر سے دلہن کو شدید صدمہ پہنچا اور خوشی کا ماحول لمحوں میں تشویش میں بدل گیا۔ تمام رشتہ داروں نے اطراف کے علاقوں میں تلاش کی، لیکن یوگیش کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ آخرکار اہل خانہ نے کنوٹ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔