نئی دہلی: فوڈ سپلائی اور صارفین کے امور کے وزیر رام ولاس پاسوان نے جمعرات کو کہاہے کہ سیکولرزم کے سلسلے میں ملک کی سیاست کرنے کا زمانہ چلا گیا ہے اوراب لوگ ترقی کےلئے ووٹ دیتے ہیں۔
مسٹر پاسوان نے لوک سبھا اور اسمبلیوں میں پسماندہ ذاتوں اور درجہ فہرست ذات وقبائل کے ریزرویشن کے التزام کو 10 برسوں کے لئے بڑھانے کےالتزام والے آئین (126 ویں ترمیمی) بل 2019 پر راجیہ سبھا میں بحث کےدوران کہا ہے کہ مہاراشٹر انتخابات کےبعد کوئی نہیں سوچتا تھا کہ ریاست میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، کانگریس اور شیوسینا اتحاد کی حکومت بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اتحاد کو وہ برا نہیں مانتے ہیں۔ سیکولرزم کا زمانہ چلا گیا لوگ اب ترقی چاہتے ہیں۔ اب صرف ترقی موضوع ہے۔ پاسوان نے کہا کہ پسماندہ ذاتوں اور درجہ فہرست ذات وقبائل کو ریزرویشن کا فائدہ دلانے میں اونچی ذات کے لوگوں کی زبردست خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی مصلح دیانند سرسوتی، وویکانند اور سابق وزیراعظم وی پی سنگھ نے دلت، متاثرہ سماج کے حق میں آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ وی پی سنگھ نے منڈل کمیشن کی سفارشوں کا نفاذ کرایا تھا جس کے وجہ سے انہیں گالیاں بھی دی گئیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کی لڑائی ہر ذات کے لوگوں نے لڑی ہے اونچی ذات کے لیڈروں نے اس کی قیادت کی تھی۔ اچھے کاموں کی تعریف کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اونچی ذات کے غریبوں کو بھی 10 فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے یہ اچھی بات ہے۔
پاسوان نے کہا کہ پسماندہ ذاتوں اور درجہ فہرست ذات وقبائل کو سیاسی آزادی مل گئی ہے لیکن اس کے لئے سماجی اور معاشی انقلاب کی ضرورت ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
