سونیا، منموہن اور راہل کی طرف سے شیلا دیکشت کو خراج عقیدت 

سونیا، منموہن اور راہل کی طرف سے شیلا دیکشت کو خراج عقیدت

نئی دہلی: کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت متعدد کانگریس رہنماوں نے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دیکشت کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سونیا گاندھی نے شیلا دیکشت کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے جسد خاکی پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے بھی شیلا دیکشت کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ”کانگریس پارٹی کی پیاری بیٹی جن کے ساتھ میری ذاتی تعلقات تھے، ان شیلا دیکشت جی کی وفات کی خبر سن کر بہت غمزدہ ہوں۔ دکھ کی اس گھڑی میں شیلا دیکشت کے عزیز و اقارب اور دہلی والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔“

سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ شیلا دیکشت کی اچانک وفات کی خبر سن کر مجھے بہت دکھ ہوا۔ ان کی وفات سے کانگریس نے عوام کے لئے وقف ایک مقبول رہنما کھو دیا ہے۔ وزیر اعلی کے طور پر مسلسل پندرہ برس کے ان کے دور اقتدار میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کو دہلی کے عوام کبھی نہیں بھول پائیں گے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا”شیلا دیکشت کی وفات کی خبر سن کر بہت دکھ پہنچا۔ وہ مجھے پیار کرتی تھیں۔ انہوں نے دہلی اور کانگریس کے لئے جو کیا لوگ اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وہ کانگریس کی بڑی رہنما تھیں۔ پارٹی‘ سیاست او رملک اور بالخصوص دہلی کے لئے انہوں نے جو کچھ کیا وہ بے پناہ ہے۔

کانگریس پارٹی نے اپنے آفیشیل پیج پر ٹوئٹ کرکے شیلا دکشت کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ”محترمہ شیلا دکشت کی وفات کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ وہ تاعمر کانگریس کی کارکن رہیں اور تین مرتبہ دہلی کی وزیر اعلی کیطور پر انہوں نے دہلی کا نقشہ ہی بدل دیا۔ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔“ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے محترمہ دکشت کی وفات کو کانگریس کے لئے بڑا نقصان قرار دیا۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری جیوترادتیہ سندھیا نے بھی شیلا دکشت کی رہائش پر جاکر ان کے جسد خاکی پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔
کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور اور کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی شیلا دکشت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

کانگریسی رہنما اور بہار کے سابق وزیر شمائل نبی اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے رہنما انیس درانی نے بھی شیلادکشت کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading