
ممبئی:بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت معاملہ میں ایک بار پھر سلمان خان اور کرن جوہر کے لیے مشکلیں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ مظفر پور ضلع کورٹ نے آج ایک انتہائی اہم حکم جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 8 فلمی ہستیوں کو خود عدالت میں حاضر ہونا ہوگا یا پھر وہ اپنے وکیل کو بھیجیں۔ جن 8 فلمی ہستیوں کو پیشی سے متعلق یہ حکم دیا گیا ہے ان میں سلمان خان اور کرن جوہر کے ساتھ ساتھ آدتیہ چوپڑا، ساجد ناڈیاڈوالا، سنجے لیلا بھنسالی، ایکتا کپور، بھوشن کمار اور دنیش وجین شامل ہیں۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سبھی 8 فلمی ہستیوں کو عدالت میں پیشی کے لیے 7 اکتوبر کی تاریخ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں عدالت کا نوٹس سبھی فلمی ہستیوں کو بھیجا جا چکا ہے۔ ان فلمی ہستیوں کے خلاف وکیل سدھیر اوجھا نے عرضی داخل کر سوشانت کی موت کے لیے انھیں ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔