سادھوی پرگیہ سنگھ کی شکل میں بی جے پی کا اصل چہرہ سامنے آگیا: نواب ملک

ممبئی: 19اپریل(ورق تازہ نیوز) بی جے پی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکور کی دہشت گرانہ سفر میں بی جے پی کی حصہ داری رہی ہے۔ اس سے بی جے پی کے جھوٹے راشٹرواد اور فرضی دیش پریم کا نقاب اتر گیا ہے۔ مہاراشٹر کے بہادر سپوت شہید ہیمنت کرکرے کی توہین کرنے والی پرگیہ سنگھ ٹھاکور کو اپنا امیدوار بناتے ہوئے بی جے پی کو شرم کیوں نہیں آرہی ہے؟ یہ ناراضگی آمیز سوال کرتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے ترجمان وجنرل سکریٹری سچن ساونت نے وزیراعظم سے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان کے اندر ذرا بھی شرم باقی بچی ہو تو وہ ملک سے معافی مانگیں۔گاندھی بھون میں کانگریس و راشٹروادی کانگریس کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے شہید ہیمنت کرکرے کے بیان پر سخت مذمت کرتے ہوئے سچن ساونت اور نواب ملک نے کہا کہ شہیدوں کے ناموں پر سیاست کرنے والی بی جے پی کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔

سچن ساونت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکور نے مہاراشٹر کے بہادر سپوت شہید ہیمنت کرکرے کی توہین کی ہے۔ یہ صرف کرکرے کی ہی نہیں بلکہ پورے مہاراشٹر اور تمام شہیدوں کی توہین ہے۔ شہیدوں کی بہادری کا سیاسی فائدہ اٹھانے والے وزیراعظم مودی اور بی جے پی فوری طور پر معافی مانگیں اور پرگیہ ٹھاوکر کو فوراً پارٹی سے برخاست کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے سپوت شہید ہیمنت کرکرے کی توہین کرنے والی پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے بیان کی مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے ابھی تک مذمت تک نہیں کی ہے۔ مہاراشٹر کی توہین کرنے پر مودی وشاہ کو خوشی ہورہی ہوگی، لیکن مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی کو یہ سب کھلی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے شرم کیوں نہیں آرہی ہے؟۔ ساونت نے کہا کہ کرکرے فیملی نے اپنے سربراہ کو کھویا اور اس دکھ کو برداشت کرتے ہوئے یہ امید رکھی کہ اس قربانی کو ملک عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھے گا، لیکن اس امید کو بی جے پی نے ختم کردیا ہے۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکور کواپنا امیدوار بناکر بی جے پی نے شہید کرکرے کو ملک دشمن قرار دیا ہے، اس لئے کرکرے خاندان کو زبردست ذہنی تکالیف جھیلنی پڑ رہی ہیں۔ کانگریس پارٹی شہید کرکرکے کے خاندان کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی نے پرگیہ سنگھ ٹھاکور اپنا امیدوار بناکر دہشت گردی کی حمایت کی ہے اور سادھوی کے ذریعے بی جے پی کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بھی ثابت ہوگیا ہے کہ بی جے پی دہشت گردی سے لڑنے کا ڈھونگ کررہی ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی کے ذریعے شہیدوں کی توہین کی جارہی ہے۔

جس طرح مودی اسکرین پر اسکریپٹ پڑھتے ہیں، اسی طرح سادھوی کو بی جے پی کے ذریعے اسکرپٹ لکھ کر دیا گیا ہے۔ جب کرکرے زندہ تھے، تو اس وقت بھی بی جے پی نے ان پر جھوٹے الزامات عائد کئے تھے، اور آج جبکہ وہ شہید ہوچکے ہیں، ان پر دیش دروہی کا ٹھپہ لگارہی ہے۔ نواب ملک کہا کہ مہاراشٹر میں عید سے قبل مالیگاو¿ں میں بم دھماکے ہوئے تھے، جس میں کئی لوگوں کی موت ہوگئی تھی اوربہت سے زخمی ہوگئے تھے۔ اس معاملے کی تفتیش اس وقت کے اے ٹی ایس کے سربراہ ہیمنت کرکرے نے کی تھی، جنہوں نے یہ حقیقت سامنے لائی تھی کہ اس دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکور کی تھی۔

کرکرے کی جانچ میں یہ بھی سامنے آیا تھا کہ ابھینوبھارت نامی تنظیم کے ذریعے یہ دہشت گردانہ کارروائی کی گئی تھی۔ ابھینوبھارت کے ذریعے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بھی قتل کرنے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ اس وقت کے بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے حکومت کو خط لکھ کر ابھینوبھارت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading