سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں کینسر کی تشخیص،ہڈیوں تک پھیل چکا

سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جو ان کی ہڈیوں تک پھیل چکا ہے۔ان کے دفتر کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق گذشتہ ہفتے 82 سالہ جو بائیڈن نے پیشاب میں تکلیف کی شکایت پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جس کے بعد جمعے کو ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔

کینسر کی یہ قسم خاصی تیز رفتاری سے پھیلنے والی اور شدید نوعیت کی ہے جسے گلیسن سکور میں 10 میں سے 9 قرار دیا گیا ہے۔ کینسر ریسرچ یوکے کے مطابق، یہ ’ہائی گریڈ‘ کینسر ہے، یعنی یہ خلیے تیزی سے جسم کے دیگر حصوں میں پھیل سکتے ہیں۔

ان کے اہل خانہ اس وقت ممکنہ علاج کے آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ ان کے دفتر کا کہنا ہے کہ کینسر کی یہ قسم ایسی ہے جس پر کچھ خاص دوائیں یا علاج (جو ہارمونز کو کنٹرول کرتے ہیں) اثر کر سکتے ہیں۔ اس لیے ڈاکٹروں کو امید ہے کہ اسے روکا یا قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے تقریباً ایک سال قبل سابق صدر کو صحت اور عمر سے متعلق خدشات کے باعث 2024 کے امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔ امریکہ کی تاریخ میں صدارت کا عہدہ سنبھالنے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہیں۔

کلیولینڈ کلینک کے مطابق پروسٹیٹ کینسر مردوں میں جلد کے کینسر کے بعد دوسرا سب سے عام کینسر ہے۔ امریکہ کے ادارہ برائے تدارک امراض (سی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ ہر 100 میں سے 13 مردوں کو اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر یہ بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔

سی ڈی سی کے مطابق پروسٹیٹ کینسر کا سب سے بڑا خطرہ عمر بڑھنے کے ساتھ ہوتا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading