مدینہ منورہ ۔ مسجد نبوی ﷺ میں روضہ اطہر کو دو ہفتوں کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی ﷺ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اتوار یکم ربیع الاول بمطابق 17 اکتوبر کو زائرین روضہ اطہر میں نماز ادا کرسکیں گے۔روضہ اطہر میں نماز کی ادائیگی اور زیارت کے لیے اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
زائرین تمام حفاظتی تدابیر سمیت سماجی فاصلے اور ہدایات پر عمل کے پابند ہوں گے۔روضہ اطہر میں گنجائش کے حساب سے 75 فیصد لوگوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ وزارت حج وعمرہ نے اعتمرنا ایپ جاری کردی ہے جسے ڈاو¿ن لوڈ کرکے عمرہ یا روضہ اطہر میں نماز کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں وزارت حج وعمرہ نے واضح کیا تھا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعہ عمرہ، مسجد الحرام میں نماز، مسجد نبویﷺ میں روضہ اطہر میں حاضری، طواف، مسجد قبا اور مسجد سید الشہداءکی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔تاہم ایپ میں پہلے مرحلے میں صرف عمرہ کا اجازت نامہ جاری کیا جارہا ہے۔
