رضوان حارث آئیڈیل کالج میں منشیات کے خلاف رہنمائی لیکچر
رابوڑی پولیس کے سب انسپکٹر سندیش گاونڈ نے نوجوانوں کو نشہ سے دور رہنے کی تلقین کی

تھانے، 25 جون (آفتاب شیخ)
رابوڑی تھانہ کے معروف تعلیمی ادارے رضوان حارث آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں بدھ کے روز جونیئر کالج کے طلبہ کے لیے ایک خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد منشیات کے استعمال اور اس کے مضر اثرات سے نوجوانوں کو آگاہ کرنا تھا۔ یہ پروگرام تھانے شہر کی پولیس کی جانب سے جاری نشہ مخالف مہم کے تحت منعقد کیا گیا۔
پروگرام میں رابوڑی پولس اسٹیشن کے سب انسپکٹر سندیش گاونڈ نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن (PPT) کے ذریعے نشہ کی مختلف اقسام، ان کے استعمال کی وجوہات اور ان کے سنگین اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو منشیات کے جال میں پھنسنے سے محفوظ رہنے کی عملی رہنمائی فراہم کی اور اس بات پر زور دیا کہ ایک صحت مند زندگی کے لیے نشہ سے دوری ضروری ہے۔
سب انسپکٹر گاونڈ نے طلبہ کو نشہ آور اشیاء کے استعمال سے ہونے والی جسمانی، ذہنی اور معاشرتی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا اور نوجوانوں میں نشہ کے بڑھتے رجحان کو روکنے کے لیے معاشرہ، تعلیمی ادارے اور خاندان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ خود بھی نشہ سے دور رہیں اور دوسروں کو بھی اس کے خطرات سے آگاہ کریں۔
پروگرام میں طلبہ کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی، جبکہ اساتذہ نے پروگرام کے انتظامات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ادارے کی جانب سے اس طرح کی بیداری مہم آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔