ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار اور راج کپور کے چھوٹے بیٹے راجیو کپور کا 9 فروری کو حرکت قلب کے بند ہو جانے کے سبب انتقال ہو گیا۔ 58 سالہ راجیو کو چیمبور میں ان کی رہائش کے نزدیک واقع اسپتال میں لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
بالی ووڈ سے کئی نسلوں سے جڑے رہنے والے کپور خاندان سے تعلق رکھنے والے راجیو کپور پرانے زمانے کے مشہور اداکار پرتھوی راج کپور کے پوتے اور رندھیر کپور اور رشی کپور کے بھائی تھے۔ راجیو کپور کو 1985 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رام تیری گنگا‘ میلی سے شہرت ملی تھی۔
معروف اداکارہ اور آنجہانی رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور (نیتو سنگھ) نے راجیو کپور کے انتقال کی تصدیق کی۔ نیتو کپور نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے راجیو کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’ریسٹ ان پیس‘‘۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ہاتھ جوڑنے والی ایموجی کا استعمال کر کے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔