رابوڑی کے آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کا ایس ایس سی امتحان میں شاندار مظاہرہ
اسکول کا مجموعی %97.54 فیصد نتائج، محمد اسجد صدیقی اول، طلبہ و اساتذہ کو مبارکباد
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے شہر کے رابوڑی علاقے کے مشہور و معروف تعلیمی ادارے آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ انصرام آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج نے امسال ایس ایس سی بورڈ امتحان میں %97.54 نتائج کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی سابقہ درخشاں روایت کو برقرار رکھا۔ اسکول کے عمدہ تعلیمی معیار اور اساتذہ کی مسلسل محنت کے سبب اس سال بھی ادارہ بہترین نتائج دینے میں کامیاب رہا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق دسویں جماعت کے بورڈ امتحان میں اسکول کے کل 163 طلبہ شریک ہوئے تھے، جن میں سے 159 طلبہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں 35 طلبہ نے امتیازی نمبرات حاصل کئے جبکہ 50 طلبہ فرسٹ کلاس میں کامیاب رہے۔
اسکول کے ہونہار طالب علم محمد اسجد محمد تسلیم صدیقی نے %92.40 نمبرات حاصل کرکے اول مقام حاصل کیا۔ جبکہ علیشہ فیروز وریکر نے %91.80 کے ساتھ دوسرا اور نذرانہ خاتون محمد عرفان شیخ نے %89.60 نمبرات کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔
طلبہ کی اس نمایاں کامیابی پر ادارے کے عہدیداران اور ذمہ داران نے تمام کامیاب طلبہ، ان کے سرپرستوں اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور طلبہ کی مسلسل جدوجہد ہی اس شاندار کامیابی کا اصل سبب ہے۔ انہوں نے طلبہ کے روشن اور کامیاب مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔