رابوڑی تھانے میں نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ نکلا 51 واں جلوس عید میلادالنبیرابوڑی تھانہ نعرہ رسالت سے گونج اٹھا
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کے قدیم مسلم آبادی والے علاقے رابوڑی میں گذشتہ 51 سالوں سے نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ سنی سرکل کے زیر اہتمام حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقعہ پر جلوس محمدی نکالا جاتا ہے جس کی قیادت گذشتہ 35 سال سے حضور اشرف الصوفیہ شہزاد شہید راہ مدینہ حضرت سید حسین اشرف صاحب قبلہ فرمارہے ہیں۔ گذشتہ روایات کے مطابق امسال بھی نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ دوپہر ٣ بجے مسجد اشرفیہ سنی سرکل سے حسین میاں کی قیادت میں جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد و شہر بھر کی ملی وسماجی تنظیموں کے علاوہ علمائے کرام و مدارس کے طلبہ شرکت نے شرکت فرمائی۔ جلوس قتل خانہ روڈ سے ہوتے ہوئے ماپلے شاہ بابا درگاہ پہنچا وہاں حاضری دینے کے بعد نماز عصر مسجد نور دوسری رابوڑی میں ادا کی گئی اور وہاں سے حضرت صالح شاہ بابا کی درگاہ پر نماز مغرب ادا کرنے کے بعد جمعہ مسجد، احمد شاہ بابا درگاہ سے پہلی رابوڑی ناکہ پر ہوتے ہوئے دوبارہ مسجد اشرفیہ سنی سرکل پر دعا کے بعد جلوس اختتام پذیر ہوا۔ رابوڑی بھر میں جگہ جگہ پر مقامی افراد و کمیٹیوں کی جانب سے شرکاء جلوس کے لیے کھانے، پینے کی چیزیں و مشروبات تقسیم کیے جارہے تھے۔
جلوس میں سنی دعوت اسلامی، دعوت اسلامی، سنی جماعت اصلاحی، سنی کوآپریٹو کمیٹی و دیگر رابوڑی تھانے کی تنظیموں کے اراکین بھی شامل تھے اور شرکاء نعت خوانی کرتے ہوئے نظر آئے۔
جلوس کے دوران مقامی کارپوریٹر نجیب ملا، دیگر سرکردہ شخصیات، اداروں اور کمیٹیوں کے ذمہ داران نے قائد جلوس کی گل پوشی کرکے استقبال کیا، جبکہ نور مسجد کے سامنے سنی دعوت اسلامی کے مقامی ذمہ داران نے محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے افسران اور منتظمین جلوس کی گلپوشی کی اور پانی اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے سنی دعوت اسلامی کی جانب سے بچوں نے ہاتھ میں بورڈ لیکر شرکاء جلوس کو ایک سوشل پیغام دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پریا ڈاکنے، رابوڑی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ایشور کھراڑ اور ان کے عملے نے اپنی ذمہ داری بڑی مستعدی سے انجام دی۔
جلوس کا اختتام سنی سرکل مسجد پہلی رابوڑی پر درود و سلام اور دعا کے ساتھ ہوا۔