نئی دہلی: آتشی کو دہلی کا نیا وزیر اعلی بنایا جا رہا ہے۔ عام آدمی پارٹی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ان کے نام کو منظوری دی گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اس کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اب دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج شام 4.30 بجے ایل جی وی کے سکسینہ سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دوران کیجریوال وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔
استعفیٰ کے ساتھ ساتھ قانون ساز پارٹی کے قائد کے نام کا ایک خط بھی ایل جی کو پیش کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ کیجریوال نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2 دن بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے کر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے اپنے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرنے کے لیے تفصیلی مشاورت اور غور و فکر کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں، مقامی ارکان اسمبلی، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس اجلاس کے دوران مختلف امیدواروں کے نام زیر بحث آئے اور پارٹی نے فیصلہ کیا کہ آتشی دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔