دہلی میں بارش کے بعد ملیریا، ڈینگو اور چکن گنیا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سال اب تک ملیریا کے کل 107 معاملے سامنے آ چکے ہیں جب کہ ڈینگو کے 47 اور چکن گنیا کے اب تک 20 معاملے سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ دنوں ہوئی بارش کے بعد اچانک ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس پر ڈاکٹروں نے فکرمندی ظاہر کی ہے۔
خبروں کے مطابق اگست مہینے میں ملیریا کے 9 معاملے سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ سال اگست سے اب تک ملیریا کے 58 معاملے سامنے آ چکے تھے جب کہ اس بار یہ اعداد و شمار 9 ہے۔ چکن گنیا کے 20 معاملے میں سے اگست میں ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے لگاتار ہونے والی بارش کے سبب مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جولائی کے مہینے میں دہلی میں ملیریا کے 80 سے زائد معاملے درج ہوئے تھے جو ڈینگو سے متاثر لوگوں کی تعداد کے دو گنے سے زیادہ تھے۔ 29 جولائی کو میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ جاری ایک رپورٹ میں یہ جانکاری دی گئی تھی۔ ان میں سے ملیریا کے تقریباً 39 معاملے جولائی میں درج ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ڈینگو کے 2798 معاملے درج ہوئے تھے جب کہ اس بیماری سے 4 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ ان امراض کا ڈاٹا جمع کرنے کا ذمہ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کو دیا گیا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-