نئی دہلی۔کورونا وائرس کا انفیکشن روکنے کے لیے تمام ضروری اقدام کیے جا رہے ہیں اور لاک ڈاؤن کی توسیع اسی لیے کی گئی ہے۔ اس دوران راجدھانی دہلی میں تقریباً ایک ہفتہ بعد کورونا وائرس انفیکشن والے مریضوں کی تعداد میں گراوٹ نظر آئی ہے۔ بدھ کو دہلی میں کل 17 نئے مریض سامنے آئے جب کہ دو لوگوں کی موت ہوئی۔ دہلی میں اب تک کورونا سے 32 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ دہلی میں کورونا انفیکشن والے مریضوں کی مجموعی تعداد 1578 ہے۔
لیکن خطرے والی بات یہ ہے کہ دہلی میں ریڈ زون بڑھتے جا رہے ہیں۔ ملک میں دہلی واحد ریاست ہے جس کا 80 فیصد علاقہ ریڈ زون کے دائرے میں آتا ہے۔ بدھ کو مرکزی وزارت صحت نے راجدھانی کے 11 میں سے 9 اضلاع کو ریڈ زون کے تحت قرار دیا۔ ان اضلاع میں بنائے کنٹنمنٹ زون کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی نئے مریض سامنے نہیں آتے ہیں تو بھی دہلی کو کورونا سے جنگ جیتنے میں کم از کم ایک مہینہ لگے گا۔