نئی دہلی۔کورونا کے پھیلتے انفیکشن کے درمیان ایسی خبریں بھی کئی جگہ سے موصول ہو رہی ہیں کہ مہلوکین کی آخری رسومات ادا کرنے میں کئی طرح کے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ مقامات پر تو کورونا سے ہلاک ہونے والے ہندو مریض سے اس کے گھر والوں نے بھی دوری بنا لی، جس کے بعد کچھ مسلمانوں نے مل کر انسانیت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے آخری رسوم ادا کیا۔
کئی جگہوں سے شمشان گھاٹ میں کووڈ-19 سے ہلاک مردہ کو جلانے اور قبرستان میں ایسے مریضوں کو دفنانے پر بھی تنازعہ سامنے آ چکا ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے دہلی وقف بورڈ نے ایک انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے اور کووڈ-19 سے ہلاک ہونے والے مسلمانوں کو دفن کرنے کے لیے ایک خاص قبرستان مختص کر دیا ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دہلی وقف بورڈ نے رِنگ روڈ پر ملینیم پارک کے پاس واقع قبرستان کو ‘کووڈ-19 قبرستان’ بنا دیا ہے۔ اس قبرستان میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہونے والے لوگوں کو دفن کیا جائے گا۔ وقف بورڈ نے اس سلسلے میں دہلی محکمہ صحت کو بھی ایک خط لکھ کر جانکاری دے دی ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ معلومات کی کمی کے سبب لوگ کورونا سے مرنے والوں کو قبرستان میں دفنانے نہیں دے رہے ہیں، اسی لیے ملینیم پارک واقع قبرستان کو ‘کووڈ-19 قبرستان’ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔