نئی دہلی، 08مارچ (یواین آئی) چین کے ہوبیئی صوبے کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہوئے جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں آکر دنیا کے تقریبا 100 ممالک میں اب تک 3652 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 106،911 لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔
کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے لیکن اب بھی اس وائرس سے سب سے زیادہ چین کے لوگ متاثر ہیں۔ اس وائرس کے سلسلے میں تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں موت کے 80 فیصد کیس 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں سےوابستہ تھے۔
فی الحال متاثرہ افراد کی کل تعداد سرکاری رپورٹوں سے کافی زیادہ ہونے کا امکان ہے اور اس وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے چین میں کورونا سے اب تک 3097 افراد ہلاک جبکہ 80،695 لوگ متاثر ہوئے هیں۔چین کے بعد اٹلی میں یہ جان لیوا وائرس اپنا پیر پھیلا چکا ہے۔ اٹلی میں کورونا کی وجہ سے اب تک 233 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 5883 لوگ اس وائرس سے متاثرہ ہوئے ہیں۔
ایران میں بھی کورونا وائرس کا قہر پھیلا ہوا ہے۔ ایران میں اس وائرس کی زد میں آکر 194 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 6566 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔
اٹلی اور ایران کے ساتھ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے معاملوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ جنوبی کوریا میں كورونا سے اب تک 50 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 7313 لوگ اس سے متاثر ہیں۔متاثرہ لوگوں کی تعداد ایران سے بھی زیادہ ہے۔