خانقاہ محفل منصوریہ بھانڈوپ میں میلاد النبی ﷺ کی پرنور محفل م وئے مبارک، غلاف کعبہ و روضہ انور کے غلاف سمیت متعدد تبرکات کی زیار ت

خانقاہ محفل منصوریہ بھانڈوپ میں میلاد النبی ﷺ کی پرنور محفل
موئے مبارک، غلاف کعبہ و روضہ انور کے غلاف سمیت متعدد تبرکات کی زیارت

(آفتاب شیخ)
ممبئی کے بھانڈوپ کے کھنڈی پاڑہ میں واقع خانقاہ محفل منصوریہ میں حسب روایت اس سال بھی عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں زیارتِ موئے مبارک و تبرکات کی روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بابرکت محفل حضرت صوفی عبد النعیم عطاء شاہ قادری چشتی ابوالعلائی دامت برکاتہم علیہ کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں علما و صوفیا، مریدین، معتقدین اور مرد و خواتین عشاقانِ رسول ﷺ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

زیارت کے لئے مرد و خواتین کے علیحدہ انتظامات کئے گئے۔ موئے مبارک ایک خوبصورت ڈبیا میں نہایت ادب و احترام کے ساتھ پیش کیا گیا، جس کی زیارت کے دوران حاضرین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
محفل میں نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر حضرت صوفی عبد النعیم عطاء شاہ نے اپنے اظہارِ خیال میں فرمایا کہ:
“یہاں گذشتہ 22 برسوں سے ماہ نور کی چھٹی کو زیارت موئے مبارک و دیگر تبرکات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، اور ہر سال زائرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ یہ محفل نہ صرف عشقِ رسول ﷺ کی علامت ہے بلکہ باہمی اخوت و محبت کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔”
محفل میں حضور اکرم ﷺ کے موئے مبارک، زلف انور، کملی مبارک کا ٹکڑا، غلاف کعبہ، روضہ انور ﷺ کے غلاف کا ٹکڑا، حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت علیؓ، حضرت امام حسنؓ و امام حسینؓ کے تبرکات، حضرت بی بی فاطمہؓ کی چادر کا حصہ اور حضور غوث الاعظمؓ کے موئے مبارک و خرقہ مبارکہ سمیت دیگر نادر و متبرک اشیاء کی زیارت بھی کروائی گئی۔
اختتام پر حاضرین نے عقیدت کے ساتھ سلام پیش کیا، اس کے بعد حضرت نعیم میاں نے عالم اسلام اور ملک میں امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔ دعا کے بعد لنگر رسول ﷺ تقسیم کیا گیا اور اس کے بعد یہ نورانی محفل اختتام پذیر ہوئی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading