نئی دہلی: خالصتانی انتہا پسند ہردیپ سنگھ نجار کی یاد میں کناڈا کی پارلیمنٹ میں ایک منٹ کی خاموشی منائے جانے پر ہندوستان نے جمعہ کو تنقید کی۔نجار کو گذشتہ برس جون میں سرے (برٹش کولمبیا) میں گولی مارکرہلاک کردیاگیاتھا۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیرجیسوال نے کہا کہ ظاہرہے ہم انتہاپسندی اور تشدد کی وکالت کو سیاسی جگہ دینے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرتے ہیں۔
غیرمعمولی اقدام میں دو دن قبل کناڈا کی پارلیمنٹ نے نجار کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی منائی تھی۔گذشتہ برس ستمبر میں وزیراعظم ٹروڈو کے اس الزام کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں کہ نجار کی ہلاکت میں ہندوستانی ایجنٹس ملوث ہوسکتے ہیں۔ نئی دہلی کو اس سے انکار ہے۔
ہندوستان کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ کناڈا اس کی سرزمین سے سرگرم خالصتان نواز عناصر کو چھوٹ دے رہا ہے۔ نجار کو گزشتہ برس18جون کو برٹش کولمبیا کے ایک گردوارہ کے باہرگولی ماری گئی تھی۔اس قتل کی تحقیقات رائل کینڈین ماؤنٹیڈپولیس(آرسی ایم پی) کررہی ہے۔ ہندوستان نے نجار کو دہشت گرد قراردیاتھا۔