مدھیہ پردیش کے دیواس میں پولیس حراست کے دوران ایک دلت نوجوان کی موت معاملہ پر کانگریس نے حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی دونوں نے ہی دلت نوجوان کی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا ہے۔

راہل گاندھی نے دلت نوجوان کی موت کے ساتھ ساتھ اڈیشہ کے بالاسور میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹے جانے کی خبر پر بھی اپنا غم ظاہر کیا۔
راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایک طرف مدھیہ پردیش کے دیواس میں دلت نوجوان کی پولیس حراست میں قتل کیا گیا۔ دوسری طرف اڈیشہ کے بالاسور میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹا گیا ہے۔ یہ دونوں حادثات افسوسناک، شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔
بی جے پی کی منوادی سوچ کے سبب ان کی حکومت والی ریاستوں میں یکے بعد دیگرے اس طرح کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ حکومت کی شہ کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔‘‘