حج 2027 کے عازمین کے میڈیکل ٹیسٹ حیدر باغ میونسپل اسپتال میں کرانے کا مطالبہ

ناندیڑ، 6 ستمبر (پریس ریلیز): ناندیڑ ضلع سے ہر سال 600 سے زائد عازمین مقدس سفر حج کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ حج پر روانگی سے قبل عازمین کا میڈیکل اسکریننگ ٹیسٹ، ضروری طبی جانچ، پولیو کی خوراک اور دماغی بخار سے بچاؤ کا ٹیکہ لگانا لازمی ہوتا ہے۔حج 2027 کے عازمین کے میڈیکل اسکریننگ ٹیسٹ اور دیگر طبی سہولیات حیدر باغ پانی کی ٹانکی، دیگلور ناکہ، ناندیڑ میں واقع میونسپل کارپوریشن کے اسپتال میں فراہم کرنے کا مطالبہ خادم حجاج ٹرسٹ ناندیڑ کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ و رکن راجیہ سبھا اشوک چوہان سے کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ٹرسٹ کے ذمہ داران نے اشوک چوہان سے ملاقات کرکے انہیں تفصیلی میمورنڈم پیش کیا۔میمورنڈم میں بتایا گیا کہ سابق میں عازمین حج کے لیے میڈیکل کیمپ حیدر باغ میونسپل اسپتال میں منعقد کیا جاتا تھا، جہاں عازمین کے لیے مناسب انتظامات کیے جاتے تھے۔ تاہم گزشتہ سال میڈیکل کیمپ شری گرو گوبند سنگھ جی سرکاری اسپتال، ناندیڑ میں رکھا گیا تھا۔ اس دوران بڑی تعداد میں عازمین کی موجودگی، مناسب انتظامات اور رہنمائی کی کمی کے باعث خصوصاً بزرگوں اور خواتین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹرسٹ کے مطابق گزشتہ سال خادم حجاج ٹرسٹ اور دیگر این جی او کے رضاکاروں کو بھی سرکاری اسپتال میں اپنی رضاکارانہ خدمات انجام دینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جس کے باعث عازمین کو مزید پریشانی ہوئی۔خادم حجاج ٹرسٹ گزشتہ تقریباً 15 سال سے ناندیڑ ضلع کے عازمین حج کی مفت خدمات انجام دے رہا ہے۔ ٹرسٹ کی جانب سے حج فارم بھرنے، عازمین کے انتخاب کے بعد حج تربیتی کیمپ منعقد کرنے، میڈیکل ٹیسٹ میں تعاون، پولیو کی خوراک اور ضروری ٹیکہ کاری کے ساتھ ساتھ حج سے قبل عازمین کو ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

ٹرسٹ نے کہا کہ حیدر باغ میونسپل اسپتال میں مناسب جگہ، ضروری طبی سہولیات اور بہتر انتظامات موجود ہیں۔ اگر حج 2027 کے عازمین کے میڈیکل اسکریننگ ٹیسٹ، پولیو کی خوراک اور ٹیکہ کاری کا انتظام اسی اسپتال میں کیا جائے اور خادم حجاج ٹرسٹ سمیت دیگر رضاکار تنظیموں کو بھی تعاون کی اجازت دی جائے تو عازمین کو کافی سہولت حاصل ہوگی۔اس موقع پر اشوک چوہان نے عازمین حج کی سہولت کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور متعلقہ افسران سے اس معاملے میں ضروری کارروائی کرنے کی بات کہی۔اس موقع پر خادم حجاج ٹرسٹ کے ذمہ داران شیخ نوید اقبال، ایڈوکیٹ ندیم خان، الحاج ظہیر سر، اقبال سر، حیدر علی موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading