
مکہ مکرّمہ:سعودی عرب میں مقیم عازمین حج کا پہلا کارواں جمعہ کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا۔
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔ 4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں