ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز)نانڈیڑ دیہی پولیس نے "آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے جوا کھیلنے والے اڈے پر چھاپہ مارا اور 25 ہزار 350 روپے مالیت کے سامان سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ اس معاملے میں پولیس اسٹیشن نانڈیڑ دیہی میں جرم نمبر 537/2026 درج کرتے ہوئے مہاراشٹر جوا پابندی ایکٹ 1887 کی دفعہ 12(اے) کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
یہ کارروائی 11 مئی 2026 کو شام 6:30 بجے نیا کوٹھا، تعلقہ و ضلع نانڈیڑ کے ایک کھیت میں انجام دی گئی، جبکہ مقدمہ 12 مئی 2026 کو رات 12:53 بجے درج کیا گیا۔ یہ پوری کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب ابھیناش کمار، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس محترمہ ارچنا پاٹل (بھوکَر)، اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گرو کے ساتھ ساتھ سب ڈویژنل پولیس آفیسر پرشانت شندے (ایتوارہ سب ڈویژن) کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔چھاپہ مار کارروائی میں پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر، گنگادھر بھالیراؤ، ہیڈ کانسٹیبل چندرکانت پانچال اور پولیس کانسٹیبل دیگمبر ڈوئیفوڑے سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔گرفتار ملزمان کی شناخت امول مدھوکر (33 سال)، دیوداس بلی رام واگھمارے (52 سال)، گووند کشور گولیر (65 سال) اور توشار وشوابھر گجبھارے کے طور پر ہوئی ہے، جو مختلف پیشوں سے وابستہ ہیں اور نیا کوٹھا و دھنیگاؤں کے رہائشی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے جوا کھیلنے کا سامان، نقد رقم اور دو موبائل فون ضبط کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 25 ہزار 350 روپے بتائی جا رہی ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے اس کامیاب کارروائی پر متعلقہ افسران اور عملے کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔