سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے دو افراد کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا ہے۔ مہلوک افراد کی لاشیں ترال کے جنگلی علاقہ سے برآمد ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے گزشتہ شام ترال کے جنگلی علاقہ سے عبدالقدیر کوہلی ساکنہ راجوری اور منظور احمد ساکنہ کھنمو کو اپنے ساتھ اٹھا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولس نے اغوا کی اطلاع ملتے ہی ایک اسپیشل پولس ٹیم تشکیل دی جس نے مغوی افراد کو تلاش کرنا شروع کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کوہلی کی گولیوں سے چھلنی لاش گزشتہ رات جبکہ احمد کی لاش منگل کو برآمد ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولس نے واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
وادی میں معمول کی زندگی 5 اگست کو اس وقت معطل ہوئی جب مرکزی حکومت نے ریاست کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 ہٹادی اور ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرکے مرکز کے زیر انتظام والے علاقے بنانے کا اعلان کردیا۔
انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وادی کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم اس کے برعکس اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیاں بھی سڑکوں سے غائب ہیں۔ ان میں سے کچھ درجن گاڑیوں کو سول سکریٹریٹ ملازمین کو لانے اور لے جانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایس آر ٹی سی کی کوئی بھی گاڑی عام شہریوں کے لئے دستیاب نہیں ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
