نانڈیڑ، 16 فروری: گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کے ساتھ بڑھتی ہوئی مالی دھوکہ دہی کے پیش نظر محکمۂ ٹرانسپورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی ویب سائٹس، مشتبہ موبائل ایپس (اے پی کے فائلز) اور فرضی ای چالان لنکس سے ہوشیار رہیں۔
محکمہ کے علم میں آیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کی رجسٹریشن اور ای چالان جیسی سرکاری خدمات کے نام پر شہریوں کی ذاتی معلومات اور مالی لین دین میں دھوکہ دہی کی جا رہی ہے۔ جعلساز موبائل ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے ’’چالان باقی ہے‘‘ یا ’’لائسنس معطل ہونے والا ہے‘‘ جیسے دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر غیر مجاز پیمنٹ لنکس کے ذریعہ رقم وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
محکمۂ ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ آر ٹی او دفتر یا محکمہ کبھی بھی واٹس ایپ کے ذریعے پیمنٹ لنک ارسال نہیں کرتا، اس بات کا شہری خصوصی نوٹس لیں۔
اسی طرح “RTO Services.apk”، “mParivahan_Update.apk” اور “eChallan Pay.apk” جیسی نامعلوم اے پی کے فائلیں ڈاؤن لوڈ کرنے سے موبائل میں موجود او ٹی پی، بینکنگ معلومات اور دیگر حساس معلومات چوری ہونے کا سنگین خطرہ رہتا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری gov.in ڈومین والی مستند ویب سائٹس کا ہی استعمال کریں، جن میں
#VAHAN (گاڑی رجسٹریشن سروس) https://vahan.parivahan.gov.in،
#SARATHI (ڈرائیونگ لائسنس سروس) https://sarathi.parivahan.gov.in،
ٹرانسپورٹ سروس پورٹل https://www.parivahan.gov.in
اور #ای-چالان پورٹل https://echallan.parivahan.gov.in شامل ہیں۔
مزید یہ کہ .com، .online، .site، .in یا کسی دیگر ڈومین والی غیر سرکاری ویب سائٹس پر اپنی معلومات درج نہ کریں۔
کوئی بھی مشتبہ پیغام یا لنک موصول ہونے پر فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم پورٹل https://www.cybercrime.gov.in پر شکایت درج کریں یا سائبر فراڈ ہیلپ لائن نمبر 1930 پر رابطہ کریں، یا قریبی ضلع سائبر پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں۔
یہ اپیل ذیلی علاقائی ٹرانسپورٹ افسر پرشانت کنکریج نے جاری کی ہے۔