جدوجہد آزادی کی مخالفت کرنے والے آج گھر گھر قومی پرچم لہرانے کا فیصلہ کر رہے ہیں- عارف نسیم خان
تھانے (آفتاب شیخ)
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر اور سابق وزیر عارف نسیم خان نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی جو بابائے قوم مہاتما گاندھی کی قیادت میں ملک کی آزادی کی جدوجہد کی مخالفت کرتی ہے اور اس نے کبھی اپنے ہیڈ کوارٹر پر قومی پرچم نہیں لہرایا آج گھر گھر قومی پرچم لہرانے کی بات کر رہے ہے۔
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے 9 اگست سے 14 اگست تک بھارت جوڑو مہم پورے مہاراشٹر کے مختلف اضلاع اور تعلقہ میں چلائی جائے گی، اس کا جائزہ لینے کے لیے تھانے کے این کے ٹی ہال میں کوکن ڈویژن کے تحت آنے والے سات شہر (ضلع) کانگریس کمیٹی جن میں تھانے شہر, تھانے دیہی، بھیونڈی شہر، نئی ممبئی شہر، میرا بھائیندر، کلیان ڈومبیولی، الہاس نگر کے ضلع صدور، ان علاقوں سے آنے والے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداران، بلاک صدور، مختلف ڈپارٹمنٹ و شعبوں کے صدور اور ضلع کمیٹی کے اہم عہدیداران کی میٹینگ طلب کر یاترا کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نسیم خان نے کہا کہ اس پیدل یاترا میں ہر روز کانگریس لیڈران اور عہدیداران کم از کم 10 سے 15 کلومیٹر پیدل چلیں گے۔ ہر ضلع اور تعلقہ میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے اور کچھ سابق وزراء شرکت کریں گے اور 13 اگست کو تھانے میں ہونے والی یاترا میں بھی حصہ لیں گے۔ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف نسیم خان نے کہا کہ اس ملک میں جدوجہد آزادی میں اور آزادی کے بعد کانگریس کی بہت بڑی شراکت کے باوجود موجودہ بی جے پی حکومت طرح طرح کے غلط طریقے استعمال کرکے کانگریس اور اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن کانگریس کارکنان ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گے۔
اس یاترا کے ذریعے آزادی کی جدوجہد اور آزادی کے بعد بھی کانگریس کی شراکت کو صحیح معنوں میں عوام تک پہنچایا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ کس طرح مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے گزشتہ 8 سالوں میں ملک کو کمزور کیا۔
اس میٹنگ میں تمام ریاستی کانگریس کے عہدیداران سبھاش کاناڈے، منوج شندے، انیس قریشی، آفتاب شیخ، سنتوش کینے، آنند سنگھ، ضلع صدور ایڈوکیٹ وکرانت چوان (تھانے شہر) ، ایڈوکیٹ رشید طاہر مومن (بھیونڈی)، پرمود ساونت (میرا بھائیندر), ایڈوکیٹ انیل کوشیک (نئی ممبئی)، دیانند چورگے (تھانے دیہی)، روہیت سالوے (الہاس نگر) سبھی تعلقہ اور بلاک صدور اور مختلف شعبوں کے صدور موجود تھے۔
