تیلنگانہ سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کی اصل مقام پر دوبارہ تعمیر

حیدرآباد۔ سکریٹریٹ میں دو مساجد کی شہادت پر مسلمانوں میں پھیلی بے چینی کو محسوس کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے موجودہ مقامات پر دونوں مساجد کی دوبارہ تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خرچ پر نہ صرف دونوں مساجد تعمیر کی جائیں گی بلکہ ائمہ کیلئے کوارٹرس کی سہولت رہے گی۔ مساجد کے مسئلہ پر سیاسی و مذہبی قائدین پر مشتمل وفد نے آج چیف منسٹر سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وفد کا استقبال کیا اور جیسے ہی بات چیت کا آغاز ہوا چیف منسٹر نے وفد کے اظہار خیال سے قبل ہی اس مسئلہ پر حکومت کی سنجیدگی سے واقف کرایا اور کہا کہ دونوں مساجد موجودہ مقامات پر تعمیر کی جائیں گی۔ کے سی آر نے کہا کہ میں مساجد کی اہمیت سے بخوبی واقف ہوں اور عبادت گاہوں کا مکمل احترام کرتا ہوں۔

تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کے عین مطابق دونوں مساجد کو تعمیر کیا جائیگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو متاثر ہونے نہیں دینگے۔ ایم پی حیدرآباد اسد اویسی کی قیادت میں مذہبی قائدین کا وفد ملاقات کیلئے پہنچا تھا۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کی مساجد کے علاوہ مسلمانوں کے دیگر مسائل پر بھی کارروائی کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ دو مساجد کے علاوہ مندر اور ایک چرچ بھی تعمیر کیا جائیگا۔ اسمبلی اجلاس کے بعد تینوں عبادت گاہوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading