تھانے میں کورونا کے 10 نئے مریض، تمام مریض مستحکم چھترپتی شیوا جی اسپتال میں خصوصی وارڈ قائم، انتظامیہ چوکس

تھانے میں کورونا کے 10 نئے مریض، تمام مریض مستحکم
چھترپتی شیواجی اسپتال میں خصوصی وارڈ قائم، انتظامیہ چوکس

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے میونسپل کارپوریشن کے حدود میں گزشتہ تین دنوں کے دوران کورونا وائرس کے 10 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ میونسپل انتظامیہ کے مطابق تمام مریضوں میں بیماری کی ہلکی علامات پائی گئی ہیں اور ان کا علاج گھریلو نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور فی الحال کسی کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے محکمہ صحت اور تمام اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح چوکس رہیں۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز میونسپل ہیڈکوارٹر میں ایک جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف میڈیکل آفیسر چیتنا نیتل نے صورتحال سے آگاہ کیا۔ ان کے مطابق تمام مراکز صحت میں ادویات اور ٹیسٹنگ کٹس کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔

مزید احتیاطی اقدامات کے تحت کلوا کے چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال میں 19 بستروں پر مشتمل ایک خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انیرودھا مالگاؤںکر کے مطابق یہاں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے تاکہ مشتبہ مریضوں کی فوری شناخت ممکن ہو سکے۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی مرکز صحت سے رجوع کریں، اور افواہوں سے بچتے ہوئے درست معلومات پر بھروسا رکھیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading