تھانے میں میٹرو 4 کا آغاز، 22 ستمبر کو ٹرائل رن
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے شہر میں میٹرو 4 پروجیکٹ کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور 22 ستمبر 2025 کو اس کا ٹرائل رن کیا جائے گا۔ وڈالا سے کاسروڈولی تک اس میٹرو روٹ کی منظوری مہاراشٹر حکومت نے ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعے دی تھی اور یہ منصوبہ دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا۔
میٹرو 4 پروجیکٹ تھانے اور میرا-بھائیندر کے شہریوں کے لئے بڑی سہولت ثابت ہوگا، کیونکہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک جام کے سبب عوامی ٹرانسپورٹ پر دباؤ بڑھ رہا تھا۔
مقامی ایم ایل اے پرتاپ سَرناٰئیک کے مطابق انہوں نے سابق وزرائے اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور دیویندر فڑنویس کے ادوار میں اس پروجیکٹ کے لیے کئی بار اسمبلی میں مطالبات کئے اور احتجاج بھی کیا۔ نائب وزیر ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت ریاستی حکومت کے مختلف عہدیداران نے اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں کردار ادا کیا۔
پرتاپ سَرناٰئیک نے کہا کہ میٹرو 4 پروجیکٹ نہ صرف تھانے کے عوام کے لیے جدید اور آرام دہ سفر فراہم کرے گا بلکہ ٹریفک جام میں کمی اور وقت کی بچت میں بھی مددگار ہوگا۔