تھانے میونسپل کارپوریشن کی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی، سات ہاتھ گاڑیاں اور متعدد غیر قانونی شڈز ضبط
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن نے بھیوندی بائی پاس سڑک پر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی۔ اس کارروائی میں لوہے کی چھ باکسیں، سات چھوٹے کیبن، چھ دکانوں کے باہر رکھی ہوئی چھتیں ہٹائی گئیں، اور سات ہاتھ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ یہ کارروائی تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کے احکامات پر ماجی واڈا گولڈن ڈائز ناکہ سے بھیوندی جانے والی سڑک پر کی گئی۔
اس میں گیراج، پلاسٹک کے سامان کی دکانیں، اور پرانی چیزوں کی دکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان دکانوں کے باہر رکھے گئے سامان کو ضبط کیا گیا۔ غیر قانونی چھتیں بھی ہٹائی گئیں، اور سڑک پر موجود پھیری والوں اور ہاکروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی کی نگرانی تھانے کے ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڑے نے کی، اور اس میں ڈپٹی کمشنر دِنیش تائیڈے، اسسٹنٹ کمشنر الکا کھیرے، اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر یاسین تڑوی سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں نے حصہ لیا۔
اس کارروائی میں سڑک پر پڑا ہوا کچرا اور تعمیراتی ملبہ بھی اٹھایا گیا، اور غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیاں ہٹائی گئیں۔ یہ کارروائی مسلسل جاری رہنے کی اطلاع ڈپٹی کمشنر دِنیش تائیڈے نے دی۔