تھانے میونسپل کارپوریشن کا بجٹ
شہریوں سے تجاویز طلب، 8 فروری تک ارسال کرنے کی اپیل
تھانے(آفتاب شیخ)
مالی سال 2025-2026 کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن کے بجٹ کی تیاری کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی قیمتی تجاویز ارسال کریں تاکہ عوامی ضروریات اور توقعات کو بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔
یہ عمل گزشتہ سال کی طرح ‘تھانے تھرو مائی آئیز’ اقدام کے تحت کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں کو براہ راست اپنی رائے پیش کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ جو شہری بجٹ کے حوالے سے تجاویز دینا چاہتے ہیں، وہ اپنی آرا 8 فروری 2025 تک ای میل cafo پر بھیج سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ، شہری اپنی تحریری تجاویز میونسپل ہیڈ کوارٹر، ارون کمار ویدیا مارگ، تھانے (ویسٹ) 400602 کے دوسری منزل پر مین اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ میں بھی جمع کرا سکتے ہیں۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے چیف اکاؤنٹس اور فائنانس آفیسر دلیپ سوریاونشی نے عوام سے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے تاکہ بجٹ کو عوامی ضروریات کے مطابق بنایا جا سکے۔